حواشی پر معید الرحمٰن کا تبصرہ


حواشی : شہرام سرمدی

تبصرہ : معید الرحمن

شہرام سرمدی کی نظموں کا مجموعہ حواشی موصول ہوا۔ اس مجموعہ کی ورق گردانی سے یہ احساس ہوا کہ یہ نظمیں تن آسان قاری کے لیے ابتلا و آزمائش کا سبب بن سکتی ہیں۔ یہ نظمیں بقول سلیم احمد بھرپور مرد یعنی سنجیدہ قاری کا مطالبہ کرتی ہیں۔

شہرام کی نظموں کا texture, ان کی لفظیات, ان کی تراکیب اور ان کے موضوعات بالکل الگ ہیں۔ ان نظموں میں جو فکری دبازت ہے وہ نظم نگار کے حساس فن کار ہونے کا اشاریہ ہے۔ یہ نظمیں شعور عامہ سے مستفاد تجربے پرمبنی نہیں ہیں۔ اس پر مستزاد یہ کہ اپنے تجربے کو بالواسطہ طرز اظہار سے ہمکنار کرنے کے لیے کبھی تاریخ کا سہارا لیا گیا ہے تو کبھی تاریخی کتب کو تخلیقی سیا ق بنانے کی سعی کی گئی ہے۔ کہیں کسی قدیم  مذہبی متن پر نیا متن خلق کرنے کا رویہ ملتا ہے، کہیں اساطیر اور کہیں فلسفیانہ تصور بروۓ کار لاۓ گئے ہیں۔ غرض کہ اس صناعی سے جہاں متن مزید تخلیقی ہوجاتا ہے وہیں شعریت کے طلب گار قاری کو متوحش بھی کر تا ہے۔ ایسا فن پارہ قاری سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے جمالیاتی ذوق کو تبدیل کرنے کی کوشش کرے اب جمنا میں پانی بہت بہ چکا ہے۔

شہرام سرمدی کی نظموں کی فضا طلسماتی ہے۔ وہ اظہار کے بجاۓ اخفا کے گرویدہ معلوم ہوتے ہیں۔ وہ لفظوں کا انتخاب اس طرح کرتے ہیں کہ ایک تحیر افزا، استفہامیہ اور طنزیہ ماحول بغیر کسی فنی نقص کے قایم ہوجاتا ہے۔ وہ ایک ذمہ دار اور حساس فن کار ہونے کے سبب اپنے زمانے اور اس کے مسایل سے مکالمہ کرنے کو بنیادی وظیفہ سمجھتے ہیں۔ روح عصر کی تلاش یا عصری مسایل سے مکالمہ کرنے کے عمل میں تاریخ کو وہ ایک معیار اور مثبت تناظر کے طورپر پیش کرتے ہیں۔ تاریخ کی طرف بار بار مراجعت مختلف نوع کے سوالات قایم کرتے ہیں۔

اسRomantic Attitude یا Nostalgia کا جواز کیا ہے۔ کیا ان کی یہ فکری تربیت جدیدیت سے فکری تاثر پذیری کا نتیجہ ہے۔وہ ماضی کا حوالہ اقتدار کی حرکیات کے تناظر میں نہیں کرتے ہیں۔ لسانی اعتبار سے ان کا ذہن تجرباتی ہے۔ ان کی بعض نظموں کے ہیئتی تجربے چونکاتے ہیں۔ ادب میں تجربہ ہمیشہ مستحسن خیال کیا گیا ہے۔ انھوں نے نئی علامتیں اور نئی تراکیب وضع کرنے کی کوشش کی ہے۔

شہرام سرمدی تقریبا نوے کی دہائی سے شعر و ادب کی مشاطگی میں مصروف ہیں ۔اسی کا نتیجہ ہے کہ انھوں نے اپنا اسلوب دریافت کرلیا ہے۔

کوئی تبصرہ نہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے